مظفرآباد کے 2اہم حلقوں میں میدان سج گیا،آج پولنگ، کس کی پوزیشن مستحکم ہے؟

مظفرآباد ڈویژن کے دو اہم حلقوں ایل اے 27کوٹلہ اور ایل اے28لچھراٹ کے54پولنگ سٹیشن پر آج پولنگ ہوگی جس کیلئے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف آزادکشمیر کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات، 19نشستوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ14،پی پی 5 پر کامیاب

ایل اے 27کوٹلہ میںمسلم لیگ(ن) کی محترمہ نورین عارف، پیپلزپارٹی کے سردار جاوید ایوب اور استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک کے مابین مقابلہ ہے ۔

ایل اے28لچھراٹ کے باقی 54پولنگ سٹیشن پر پیپلزپارٹی کے سید بازل نقوی اورمسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری شہزاد کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے۔

پیپلز پارٹی کےسید بازل نقوی کو 5 ووٹ کی برتری حا صل ہے،بازل نقوی کے 19ہزار29ووٹ لےچکے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے چوہدری شہزاد کے 19ہزار24ووٹ ہیں۔

سیاسی مبصرین حلقہ کوٹلہ سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار سردار تبارک کو فیورٹ قرار دے رہے تھے کیونکہ انکا پی ٹی آئی کے سابق امیدوار میر عتیق کے ساتھ اتحاد کی بازگشت تھی اورحلقہ میں انکی برادری کا بھی ووٹ بینک موجود ہے۔

مظفرآباد ڈویژن میں ہونیوالی پولنگ میں ان کا حلقہ رہ گیا اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر سردار تنویر الیاس نے الیکشن کے تیسرے مرحلے کا بائیکاٹ کردیا جس پر انہیں سیاسی نقصان ہوا ہے اور مسلم لیگ(ن) حکومت بنانےکی پوزیشن پر آگئی ہے جس کا فائدہ محترمہ نورین عارف کو ہوا ہے، اب تجریہ کار ان کی پوزیشن مستحکم بتا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تنویر الیاس اور شاہ غلام قادر کو کلائوڈ برسٹ، پتھرائو پر واپس نیلم جانا پڑا

ایل اے28لچھراٹ میں سید بازل نقوی اور چوہدری شہزاد کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے ، چوہدری شہزاد کو بھی (ن) کی حکومت یقینی ہونے کا فائدہ پہنچےگا لیکن سیاسی مبصرین سید بازل نقوی کی پوزیشن بھی مستحکم قرار دے رہے ہیں۔

دوسری طرف ضلع مظفرآباد کی حدود LA-27 اور LA-28 میں آج 4 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مورخہ 4 اگست 2026 کو LA-27 مظفرآباد 1اور LA-28 مظفرآباد 2 میں قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس کے باعث ان حلقوں میں عام تعطیل ہوگی۔