عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی اور7فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی منڈی میں پیر کو کاروبار کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں تقریباً 7فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد قیمتیں 13 جولائی کے بعد کم ترین سطح پر بند ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کا تیل بھی سستا
برینٹ خام تیل کی قیمت 6.35 ڈالر کمی کے بعد 83.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 4.33 ڈالر سستا ہو کر 80.34 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی محکمہ توانائی کے جاری کردہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو میں خام تیل کے ذخائر 1983 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، یہ صورتحال ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹریٹجک ذخائر سے 172 ملین بیرل خام تیل جاری کرنے کی منظوری کے بعد سامنے آئی۔
گزشتہ روز بھی امریکی خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی ،اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 4 فیصد سے زائد تک کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد قیمتیں 84 ڈالر کی سطح پر آگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
عالمی معیشت پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کھل گئی تو خام تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے کی سطح پر تیزی سے آ جائیں گی۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے 4اگست کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا،پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 4 روپے 8 پیسے سستا کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کے نرخ میں 2 روپے 45 پیسے کمی کی گئی ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کے نئی قیمت 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔




