وادی لیپہ: آتشزدگی متاثرین کا دیوان علی چغتائی کے سامنے شدید احتجاج، چیکس تقسیم میں ناانصافی کا الزام

وادی لیپہ (رپورٹ: عبدالصبور اعوان) سابق وزیر تعلیم و رکن قانون ساز اسمبلی دیوان علی خان چغتائی کے دورۂ وادی لیپہ کے موقع پر کپہ گلی بازار کے آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں نے شدید غم و غصے کا اظہار ۔

شہریوں نے انتظامیہ کی نااہلی اور بے ضابطگیوں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔چیکس کی تقسیم میں ناانصافی پر سابق وزیرحکومت کے سامنے پھٹ پڑے، انصاف کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں کپہ گلی بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی ہولناک آگ نے 40 سے زائد دکانوں، 2 سرکاری عمارتوں، ایک پیٹرول پمپ اور ایک مسجد کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا تھا، جس کے نتیجے میں تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا اور ان کی عمر بھر کی جمع پونجی تباہ ہو گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کیڈٹ کالج مظفرآباد کا سپورٹس گالا اختتام پذیر، کیڈٹ کالج پلندری چیمپئن قرار

متاثرہ تاجروں نے دیوان علی چغتائی سے ملاقات کے دوران الزام عائد کیا کہ مقامی انتظامیہ نے حقیقی نقصان کا درست تخمینہ لگائے بغیر امدادی چیکس کی تقسیم میں من مانی اور غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا ہے۔

تاجر برادری نے حکومت اور انتظامیہ کے سامنے درج ذیل اہم مطالبات رکھے:

شفاف انکوائری: امدادی چیکوں کی تقسیم میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی اعلیٰ سطحی شفاف انکوائری کرائی جائے۔

ماڈل بازار کی تعمیر: متاثرہ کپہ گلی بازار کو شاردہ بازار کی طرز پر جدید ماڈل بازار کے طور پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔

فوری امداد اور تعمیرِ نو: پاک فوج اور حکومتِ آزاد کشمیر بازار کی جلد از جلد بحالی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

بلاسود قرضہ جات: تاجروں کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بینک آف آزاد کشمیر کے ذریعے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں۔

متاثرین نے سانحے کے فوراً بعد پاک فوج کی جانب سے نقد راشن اور امداد کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بارسلونا : انڈس ہسپتال کیلئےفنڈریزنگ، معروف اداکار نعمان اعجاز کی شرکت

اس موقع پر سابق وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے متاثرہ تاجروں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو وزیر اعظم آزاد کشمیر اور متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھائیں گے تاکہ متاثرین کی فوری بحالی اور ازالے کے لیے ایک خصوصی امدادی پیکیج منظور کروایا جا سکے۔