مظفر آباد/ میرپور: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران میرپور ڈویژن میں ووٹرز کے غیر معمولی اور مثالی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی خصوصی ہدایت پر الیکشن کمیشن نے باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب میرپور ڈویژن کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ شام 5 بجے کے بجائے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نکیال : ن لیگی کارکنوں کی فائرنگ،پیپلزپارٹی جیالا مختار یونس جاں بحق،3 کارکن زخمی
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، میرپور، کوٹلی اور بھمبر سمیت ڈویژن بھر کے اضلاع میں صبح سے ہی مرد و خواتین ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
پولنگ کے مقررہ وقت کے خاتمے کے قریب بھی پولنگ اسٹیشنز کے باہر شہریوں کا بڑا رش موجود تھا جس کے پیشِ نظر چیف الیکشن کمشنر نے عوام کو ان کا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا بھرپور موقع دینے کے لیے وقت بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کشمیر کے الیکشن متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے،سینیٹر شیری رحمن
اس فیصلے کے بعد اب میرپور ڈویژن کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز شام 6 بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، جس کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔




