امریکا نے ایران پر حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، مختلف شہروں میں دھماکے

امریکی فوج نے ایران پر مسلسل نویں روز بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ، ایرانی میڈیا کے مطابق سریک ، چاہ بہار ، تبریز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آج مشرقی امریکی وقت کے مطابق شام 7 بجے ایران کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے، جو مسلسل نویں رات جاری رہنے والی کارروائیوں کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا ایک اور فوجی عراق میں ہلاک ہو گیا،سینٹ کام کی تصدیق

سینٹ کام کے بیان کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے جنہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ایسے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ایران کی بحری اور عسکری صلاحیتوں سے متعلق ہیں تاکہ عالمی تجارتی بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادھرایرانی پاسداران انقلاب نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے علاقے التنف میں دشمن کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا ہے۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمانڈ سینٹر پر حملہ شہید فوجیوں کے خون کا بدلہ ہے۔

اس کے علاوہ ایرانی خبرایجنسی کے مطابق صوبہ لرستان سے دشمن اہداف کی جانب میزائلوں کی نئی لہر داغی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم لیڈر کی رہائشگاہ پر حملہ سکیورٹی خلا تھا، خطرات اب بھی ہیں، عراقچی

دوسری طرف امریکی سفارتخانے کا کہنا ہےکہ امریکی حملوں کے بعد ایران بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کچھ مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ امریکی شہری محتاط رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمان کے شمال مغرب میں جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع ہے۔