معروف سیاسی وسماجی رہنما سردار کمال ایڈووکیٹ ن لیگ میں شامل

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اورحلقہ LA-19 پونچھ ہجیرہ سے معروف سیاسی و قانونی شخصیت سردار کمال خان ایڈووکیٹ نے ہزاروں ساتھیوں اور خاندان سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔

شمولیتی تقریب کے دوران سردار کمال خان ایڈووکیٹ نے حلقہ LA-19 پونچھ ہجیرہ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عامر الطاف کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو پارٹی مفلر پہنائے اور انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

یہ بھی پڑھیں: بھمبر میں انتخابی جلسے سے امیر مقام کا خطاب، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت

سردار کمال خان ایڈووکیٹ کی شمولیت سے حلقہ LA-19 پونچھ، راولاکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاسی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی۔

شمولیتی تقریب میں سابق وزیر قانون و امیدوار اسمبلی حلقہ LA-24 سردار فاروق احمد طاہر،وفاقی وزیر امورِ کشمیر کے کورڈینیٹر سردار طارق، سابق صدر بار کونسل سردار منظر بشیر ایڈووکیٹ، صدر حلقہ سردار حفیظ، امریکہ سے مزمل تنویر اختر چوہدری، خالد محمود ایڈووکیٹ، عرفان خان، اعجاز خان سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور دیگر نے شرکت کی۔

نوازشریف کا دورہ مظفرآباد کیلئے امیر مقام کی زیرصدارت اجلاس

زیرِاعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت قائد محترم میاں محمد نواز شریف کے 21 جولائی کو مظفرآباد میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر سعود مجید اور سابق وزیر محسن شاہنواز رانجھا نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں جلسے کے انتظامات، انتخابی مہم اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے 27 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف امور کا جائزہ بھی لیا۔

اجلاس میں قائد میاں محمد نواز شریف کے پی ایس او راشد نصراللہ پارلیمانی سیکریٹری سلطان باجوہ، پارلیمانی سیکریٹری زراعت عثمان لغاری، پارلیمانی سیکرٹری جنگلات ملک قاسم ندیم، ایم پی اے احمد لغاری، ایم پی اے عاصم شیر میکن، ایم پی اے احمد نواز نعمانی، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) برطانیہ و یورپ پرویز سندھیلہ، وزیرِاعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسنز بلال بھائی اور عزیر کیانی، جبکہ مسلم لیگ (ن) لاہور ڈویژن کے چیف آرگنائزر سوشل میڈیا ذیشان اسلم نے بھی شرکت کی۔