آزاد کشمیر حکومت کے 79 ویں یوم تاسیس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، رات 12بجتے ہی ترقیاتی ادارہ اور بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد کی جانب سے نلوچھی پل پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
ترقیاتی ادارہ اور بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد کی جانب سے منعقدہ جشن کی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، شہریوں کی جانب سے جہاں جشن منایا گیا وہاں ہی اس بات کا عہد کیا گیا کہ انشااللہ جلد ہم پار بھائیوں کیساتھ مل کر آزادی کا جشن منائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور: یومِ تاسیس پر ظفر مغل کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام مکتوب
آزادکشمیر میں انتظامیہ کی جانب سے سرکاری عمارتوں کو خوبصورٹ لائٹنگ سے سجایا گیا ہے جبکہ دوسری طرف یوم تاسیس کی مرکزی تقریب آج ہفتے کو صبح 9 بجے پریڈ گراؤنڈ مظفرآباد میں ہوگی۔
صدرِ آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے، صدر ڈاکٹر نجیب نقی پرچم کشائی کریں گے، پولیس پریڈ کا معائنہ کریں گے۔
تقریب میں تلاوت، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، قومی ترانہ اور اعزازی میڈلز تقسیم ہوں گے، صدرِ آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی یومِ تاسیس تقریب سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ یہ دن 24 اکتوبر 1947ء کو آزاد جموں و کشمیر کی آزاد حکومت کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے جب سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں حکومت کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم میں آزاد کشمیر کا 79واں یومِ تاسیس شایانِ شان طریقے سے منانے کی تیاریاں شروع
یوم تاسیس کا دن کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم کی علامت کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔
اس موقع پر آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات، خصوصی دعاؤں اور ملی جوش و خروش کے ساتھ مختلف پروگرامز کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔




