اسلام آباد:وفاقی حکومت نے اگلے 3 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی طرح ایل پی جی کی قیمت میں بھی شفافیت لائیں گے، وزیر پیٹرولیم
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور پیٹرول کی قیمت 377 روپے 71 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 91 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 391 روپے 75 پیسے بڑھ کر 393 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 3 دن 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر 2026 تک کے لیے ہوگیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول ایک روپے60روپے سستا،ڈیزل1روپے 64پیسے مہنگا،نوٹیفکیشن جاری
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 29 مرتبہ کمی اور 37 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 26 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 40 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔




