فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد کوارٹر فائنل مرحلے کی 8 ٹیمیں سامنے آ گئی ہیں جن میں فرانس ، مراکش، ناروے، انگلینڈ، اسپین، بیلجیئم، ارجنٹینا اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔
اب ہر ٹیم عالمی چیمپئن بننے سے صرف 3 فتوحات کے فاصلے پر ہے جبکہ اگلے چند روز میں ہونے والے کوارٹر فائنل مقابلے یہ طے کریں گے کہ کون سی 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ پہلے ہی فکس تھا،مصری کھلاڑی ریفری کے متنازع فیصلے پر پھٹ پڑے
کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا، یورپی طاقت فرانس اور اسپین، بیلجیم کی مضبوط ٹیم، ناروے، انگلینڈ، سوئٹزرلینڈ اور افریقا کی نمائندہ مراکش شامل ہیں۔
کوارٹر فائنل کا مکمل شیڈول
کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز امریکا میں 9 جولائی اور پاکستانی وقت کے مطابق 10 جولائی سے ہوگا اور ایک ٹرافی کے لیے 8 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جن میں سے صرف 4 ٹیمیں اگلے مرحلے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جب کہ 4 ٹیمیں خالی ہاتھ اپنے گھروں کو واپس جائیں گی۔
فرانس بمقابلہ مراکش
ورلڈ کپ کا پہلا کوارٹر فائنل جمعہ 10 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو رواں ٹورنامنٹ میں نا قابل شکست اور تین بار کی عالمی چیمپئن ٹیم فرانس اور مراکش کے درمیان ہوگا۔
اسپین بمقابلہ بیلجیئم
دوسرا کوارٹر فائنل سابق عالمی چیمپئن اور پری کوارٹر فائنل میں رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو ہرانے والی ٹیم اسپین اور بیلجیم کے درمیان ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق 11 جولائی کی شب 12 بجے لاس اینجلس میں ہوگا۔
ناروے بمقابلہ انگلینڈ
تیسرا کوارٹر فائنل راؤنڈ آف 16 میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرنے والی ناروے اور سابق عالمی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ میامی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق 12 جولائی کو شب 2 بجے ہوگا۔
ارجنٹینا بمقابلہ سوئٹزرلینڈ
چوتھے کوارٹر فائنل میں 3 بار کی عالمی چیمپئن اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور کولمبیا کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق 12 جولائی کی صبح 6 بجے کینساس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
چاروں میچز کی فاتح ٹیمیں فائنل فور یعنی سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوائیں گی جب کہ ہارنے والی ٹیمیں واپس گھر جائیں گی۔
سیمی فائنلز
فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 15 اور 16 جولائی کو بالترتیب ڈیلاس اور اٹلانٹا میں کھیلے جائیں گے۔ فرانس اور مراکش کی فاتح ٹیم کا سیمی فائنلز میں مقابلہ اسپین اور بیلجیم کی فاتح ٹیم سے ہوگا جب کہ ناروے اور انگلینڈ کی فاتح ٹیم ارجنٹینا اور سوئٹزرلینڈ کی فاتح ٹیم کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گی۔
چیمپئن کا تاج سر پر سجانے کے لیے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ فائنل میچ اسی روز یعنی 19 جولائی کو نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سمپسنز کی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے متعلق پیشگوئی وائرل، حقیقت سامنے آ گئی
اس مرحلے میں دنیا کی نظریں کئی بڑے کھلاڑیوں پر ہوں گی، جن میں لیونل میسی، کیلیان ایمباپے، ایرلنگ ہالینڈ، ہیری کین، اشرف حکیمی، چارلس ڈی کیٹیلائر، لامین یامال اور گرانیت ژاکا شامل ہیں۔
خصوصی طور پر لیونل میسی کی کارکردگی پر سب کی نگاہیں ہوں گی کیوں کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ تصور کیا جا رہا ہے جب کہ ایمباپے اور ہالینڈ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں بھی نمایاں امیدوار ہیں۔




