چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی زیرصدارت اہم اجلاس،سکیورٹی،انتخابی مواد کی ترسیل کا جائزہ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل ) چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

چیف سیکرٹری آفس مظفرآباد میں منعقدہ اجلاس میں انتخابی انتظامات، سیکیورٹی، امن و امان اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسٹیشن کمانڈر مظفرآباد، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری قانون، سیکرٹری الیکشن کمیشن، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور کمشنر مظفرآباد نے شرکت کی، جبکہ کمشنر میرپور اور کمشنر پونچھ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک رہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مخلص ساتھیوں سے بے وفائی ،سردار افتخار رشید پیپلزپارٹی قیادت پر سخت برہم

اجلاس کے دوران عام انتخابات کے لیے کیے گئے انتظامات، سیکیورٹی، امن و امان کی مجموعی صورتحال، انتخابی عمل کے دوران مختلف اداروں کے مابین رابطہ کاری اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فیصلہ کیا گیا کہ عام انتخابات کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال واقعہ ،کالعدم ایکشن کمیٹی کا پولیس حکام کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ بے نقاب

ووٹرز کو پرامن، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہوگی اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں گے

اجلاس میں سیکیورٹی پلان، انتخابی مواد کی ترسیل، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر انتظامات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں تاکہ عام انتخابات 2026 کا انعقاد شفاف، منصفانہ اور پرامن انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔