فیصل راٹھور کو بڑا جھٹکا،خواجہ طارق سعید کا آئی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ

آزاد جموں و کشمیر میں سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے مرکزی نائب صدر اور موجودہ وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور کے انتہائی اہم ساتھی حویلی سے ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی کے عہدے اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے نائب صدر اور ممبر کشمیر کونسل طارق سعید ایڈووکیٹ نے اپنی برادری اور حامیوں سمیت پیپلزپارٹی کے ساتھ طویل رفاقت کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سردار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی کے صدر،نثار انصر ابدالی جنرل سیکرٹری مقرر

ذرائع کے مطابق طارق سعیدایڈووکیٹ حویلی سے آج اسلام آباد آئیں گے اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ خواجہ طارق سعید استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ پر موجودہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل راٹھورکے مقابلے میں حویلی سے الیکشن لڑیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے وزیراعظم آزادکشمیر کے حلقے سے ایک اور ممبر کشمیر کونسل اور سابق ممبر اسمبلی سے بھی شمولیت کے لیے رابطے جاری ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھوراور خواجہ طارق سعید کے مابین طے تھا کہ آئندہ الیکشن خواجہ طارق سعید لڑیں گے لیکن وزیراعظم فیصل راٹھور نے بھی ہر حال میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے خواجہ طارق سعید کو منانے کی کوشش بھی جس پر انہوں نے صاف انکار کیا اور جواب دیا کہ یہ آپ نے ہی طے کیا کہ آپ اپنا دکھ لیں۔

یہ بھی پڑھیں:استحکام پاکستان پارٹی کا پاور شو:آزادکشمیرکی اہم سیاسی شخصیات کا شمولیت کا اعلان

سیاسی مبصرین کے مطابق خواجہ طارق سعید کے الیکشن لڑنے پر فیصل ممتاز راٹھور کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑیگا اور ان کی سیٹ بھی خطرے میں پڑسکتی ہے۔