فیفا ورلڈ کپ ، آسٹریلیا کو شکست ، مصر نے پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں مصر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ آسٹریلیا کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

ڈلاس میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے اس اہم میچ میں مصر نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ میچ کے 13ویں منٹ میں امام عاشور نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مصر کو برتری دلائی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026:اسپین کی آسٹریا کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں انٹری

دوسرے ہاف میں آسٹریلیا کو مصر کے مدافع محمد ہانی کے بدقسمت اون گول کی بدولت مقابلہ برابر کرنے کا موقع ملا، جس کے بعد مقررہ وقت ایک، ایک گول سے ختم ہوا۔

اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم دونوں دفاعی لائنیں مضبوط رہیں اور مقابلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک جا پہنچا۔

پنالٹیز میں مصری کھلاڑیوں نے شاندار اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی چاروں ککس کامیابی سے گول میں تبدیل کیں، جبکہ آسٹریلیا کے دو کھلاڑی ناکام رہے۔ حسام عبدالمجید نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔

کپتان محمد صلاح نے فتح کے بعد کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور ٹیم نے برسوں کا خواب پورا کیا ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب ان کی نظریں اگلے مرحلے میں بھی عمدہ کارکردگی پر مرکوز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈکپ ،میکسیکو 40سال بعد پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، جشن کے دوران 3ہلاک

دوسری جانب آسٹریلوی کوچ ٹونی پوپووچ نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

مصر اب پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا یا کیپ وردے میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا، جہاں وہ اپنی تاریخی مہم کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔