اسلام آباد(سٹی رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے کونسل ممبران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک ماہ پر مشتمل خصوصی کورسز کاتربیتی پروگرام شروع ہو گیاہے۔
نامور ٹرینر عاطف خان اس پروگرام کے تحت ممبران کو موبائل جرنلزم ، مصنوعی ذہانت اے آئی ٹولز کا مؤثر استعمال، ویڈیو ایڈیٹنگ، سوشل میڈیا مینجمنٹ، یوٹیوب کانٹینٹ کری ایشن، ڈیجیٹل برانڈنگ، فری لانسنگ اور آن لائن آمدن کے جدید ذرائع سے متعلق عملی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بجٹ:سرکاری ملازمین کی تنخواہوں ،پنشن میں اضافے کا اعلان
تربیتی کورسز کا مقصد صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی مؤثر انداز میں کام کرتے ہوئے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

کورسز میں تجربہ کار ٹرینرز اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین عملی ورکشاپس اور ہینڈز آن سیشنز کے ذریعے شرکاء کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کی تربیت دیں گے۔
اس موقع پرنیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال کا کہنا تھا کہ:”صحافت کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، موبائل جرنلزم، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جدید صحافت کا لازمی حصہ بن چکے ہیں .
اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل پریس کلب نے اپنے ممبران کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک ماہ پر مشتمل جدید تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سنسنی خیز انکشاف: شوکت نواز میر مقبوضہ کشمیر فرار
اس تربیتی پروگرام کے تحت صحافی نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کر سکیں بلکہ ڈیجیٹل میڈیا، فری لانسنگ اور آن لائن آمدن کے نئے مواقع سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں مکمل طور پر عملی تربیت دی جائے گی جس کے ذریعے شرکاء جدید اے آئی ٹولز، ویڈیو ایڈیٹنگ، یوٹیوب کانٹینٹ، ڈیجیٹل برانڈنگ اور سوشل میڈیا مینجمنٹ کی مہارتیں سیکھیں گے۔
سیکرٹری این پی سی داکٹر فرقان راؤنے کہا کہ نیشنل پریس کلب اپنے ممبران کی پیشہ ورانہ ترقی اور استعداد کار میں اضافے کیلئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے جدید اور معیاری تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ پاکستانی صحافی عالمی میڈیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔




