گلگت بلتستان حکومت سازی: وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری تقریب ملتوی

گلگت (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ کی یکم جولائی کو ہونیوالی حلف برداری ملتوی کر دی جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) گلگت بلتستان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حلف برداری کی تقریب جو یکم جولائی 2026 کو ہونی تھی اب ملتوی کر دی گئی ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہوں گے تاہم بلاول بھٹو زرداری کی مصروفیات کے باعث تقریب ملتوی کی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیشنل پریس کلب اسلام آباد: صحافیوں کیلئے جدید ڈیجیٹل میڈیا کورسز کا آغاز

پی پی پی کے مطابق پارٹی چیئرمین ایران کے سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں جس کے باعث وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکتے تھے۔

پی پی پی نے تاحال حلف برداری کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم بتایا ہے کہ چیئرمین کی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے 22 جون کو ہونے والے اجلاس میں پی پی پی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلا مقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بجٹ:سرکاری ملازمین کی تنخواہوں ،پنشن میں اضافے کا اعلان

قانون ساز اسمبلی میں پی پی پی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اس کی اتحادی جماعت ہے جس کی 4 نشستیں ہیں۔

حلف برداری میں تاخیر کے باعث گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا عمل بھی تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔پی پی پی ذرائع کے مطابق حلف برداری کے بعد کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے حوالے سے مشاورت تاحال جاری ہے تاہم پی پی پی نے استحکام پاکستان پارٹی کے 4 ارکان کو کابینہ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی پی پی کے دو ارکان کو وزارتیں اور 2 کو مشیر مقرر کیا جائے گا جبکہ ایک کوآرڈینیٹر کا عہدہ بھی دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں پی پی پی کے بیشتر منتخب ارکان شامل ہوں گے جبکہ خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دی جائے گی۔