اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے رہنما ، سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے فرزند، وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید کے بھائی معیز مجید نے حلقہ ایل اے تھری میرپور سے سابق صدر ریاست چوہدری یاسر سلطان کو ٹکٹ دینے پر آزادالیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
معیز مجید نے یاسر سلطان کو ٹکٹ جاری کرنے پر ردعمل میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدواروں کی فہرست جاری ہو چکی ہے۔ یہ فیصلہ میرے اور میرے خاندان کے لیے یقیناً ایک اہم لمحہ تھا، مگر میرے والدسابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدنے مجھے ایک ہی نصیحت کی کہ عوام کے اعتماد، اپنے کارکنوں اور میرپور کے لوگوں کے ساتھ کبھی بےوفائی نہ کرنا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات : پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے جیالے انتخابی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا
ڈٹ کر اپنے نظریے پر قائم رہنا، عوام کی عدالت میں جانا، اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑناہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ جب تک پارلیمانی نظام موجود ہے، فیصلے عوام کی عدالت میں ہی ہونے چاہئیں۔ میں نہ اپنے نظریے کا سودا کروں گا، نہ اقتدار کی خاطر اپنے اصولوں پر سمجھوتہ اور نہ ہی اقتدار کے سوداگروں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ میرا راستہ صرف عوام کا راستہ ہے۔
معیز مجید نے کہا کہ میں پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم اپنے تمام دوستوں، بھائیوں، بہنوں، بزرگوں، کارکنوں اور خیرخواہوں کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ آپ کی محبت، دعائیں اور اعتماد ہی میری اصل طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ میں آخری سانس تک میرپور کے عوام کے حق، اپنے نظرئیے اور اصولوں کی سیاست پر قائم رہوں گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں ناکام ہو چکی ، صورتحال کی ذمہ دار بھی آزادکشمیر حکومت ہے، خواجہ آصف
یاد رہے کہ معیز مجید گزشتہ 2سالوں سے حلقہ سٹی میرپور سے الیکشن مہم چلا رہے تھے اور اس کیلئے انہوں نے سابق امیدوار اسمبلی چوہدری محمد اشرف کو بھی سائیڈ لائن کرکے اپنی پسند کی تنظیم سازی کی تھی لیکن یاسر سلطان کے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے پر انہیں شدید دھچکا لگا ہے۔
معیز مجید نے ویڈیو بیان میں یاسر سلطان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ تمام کے ذمہ دار یہی ہیں جنہوں نے بار بار پارٹیاں بدلی ہیں، معیزمجید کے الیکشن لڑنے پر یاسر سلطان کی سیٹ خطرے میں پڑ سکتی ہے۔




