نیلم (کشمیر ڈیجیٹل ): حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے 100 روزہ اصلاحی پلان کے تحت وادی نیلم میں سیاحتی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے پانچ نئے سیاحتی پارکس کے قیام کی غرض سے باضابطہ سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کی نگرانی میں نیسپاک (NESPAK) کی تکنیکی ٹیم مختلف مقامات کا تکنیکی و سیاحتی موزونیت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
یہ اہم سروے وزیر سیاحت عبدالرحمن آرائیں، سیکرٹری محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ محمد انصیر یعقوب اور ڈائریکٹر جنرل سیاحت شاہد کھوکھر کی ہدایات کی روشنی میں شروع کیے گئے ہیں، جن کا بنیادی مقصد وادی نیلم میں سیاحوں کے لیے جدید، منظم اور پائیدار سیاحتی سہولیات کی فراہمی کے لیے موزوں ترین مقامات کا تعین کرنا ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق، سیکرٹری سیاحت و آثار قدیمہ محمد انصیر یعقوب نے 10 ستمبر 2026ء کو وادی نیلم کے دورے کے دوران مختلف مقامات کا گہرا جائزہ لینے کے بعد کیرن بیلہ ایموزمنٹ پارک، شاردہ بیلہ ایکو ٹورازم پارک، اڑنک بیلہ پارک اور تاؤبٹ بیلہ پارک کے لیے مقامات کو حتمی قرار دیا تھا، جبکہ بابون ویلی کو ایک شاندار سیاحتی ہب ٹاپ کے طور پر ترقی دینے کے لیے خصوصی طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم کے سیاحتی مقامات میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری، رتی گلی سفید چادر میں لپٹ گئی
اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے نیسپاک کی تکنیکی ٹیم نے محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک مرتضیٰ اور متعلقہ عملے کے ہمراہ مذکورہ تمام مقامات کا موقع پر پہنچ کر سروے شروع کر دیا ہے۔ سروے کے دوران زمین کی اصل موزونیت، قدرتی خوبصورتی، جغرافیائی صورتحال، وہاں تک رسائی کے راستوں، بنیادی سہولیات کی دستیابی، سیاحتی استعداد اور مستقبل میں درکار تعمیراتی و ماحولیاتی تقاضوں سمیت مختلف تکنیکی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محکمہ سیاحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سروے کی تکمیل کے بعد تکنیکی سفارشات کی روشنی میں ان ترقیاتی منصوبوں کی آئندہ پیش رفت، ڈیزائن کی تیاری، تعمیراتی ضروریات اور دیگر تمام مراحل کا حتمی تعین کیا جائے گا۔ ان تمام منصوبوں کا اصل مقصد وادی نیلم میں سیاحتی سرگرمیوں کو ایک منظم انداز میں فروغ دینا، ملک بھر اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور مقامی سطح پر سیاحت سے وابستہ معاشی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا ہے۔




