انتخابات

آزاد کشمیر انتخابات ،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون 2026مقرر

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026ء کے انتخابی شیڈول میں ترمیم کا اعلان کر دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق یہ ترمیم متوقع امیدواروں کی درخواستوں، عوامی سہولت اوراُمیدواران کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے ۔

نئے ترمیمی شیڈول کے تحت متوقع امیدواروں کی درخواست پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے آخری تاریخ 23 جون 2026ء شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے ۔

الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کو یقینی بنائیں ۔ شیڈول کے مطابق جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے ہوگی اور اسی روز درست امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم کانفرنس اور متحدہ علماء کونسل کا آزاد کشمیر انتخابات کیلئے انتخابی اتحاد کا اعلان

ریٹرننگ آفیسرز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 تا 28 جون تک دائر کی جا سکیں گی ، جن پر الیکشن کمیشن 29 اور 30 جون کو سماعت کرے گا جبکہ اپیلوں پر فیصلے یکم اور 2 جولائی کو سنائے جائیں گے ۔

ترتیب کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جولائی دوپہر 2 بجے ہوگی، جس کے بعد 4 جولائی کو اُمیدواروں کی فہرست شائع کی جائے گی۔ 5 جولائی کو اُمیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور اسی روز انتخابی نشانات کیساتھ حتمی اُمیدواروں کی فہرست جاری ہو جائے گی ۔

قانون ساز اسمبلی کے ان عام انتخابات کیلئے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پونچھ (راولاکوٹ) کے اُمیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ آفیسران کے پاس ہی جمع کروائیں گے اوران کے کاغذات کی جانچ پڑتال بھی ضلع پونچھ (راولاکوٹ) میں ہی کی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیراسمبلی انتخابات:شاہ غلام قادرسمیت متعدد اُمیدواروں نےگوشوارے جمع کروادئیے

 الیکشن کمیشن نے عوامی سہولت اور اُمیدواران کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں ترمیم کی، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اُمیدوار مقررہ تاریخ اوروقت کے اندر کاغذات نامزدگی جمع کرانا یقینی بنائیں ۔