اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و متحدہ علماء کونسل نے آئندہ عام انتخابات کیلئے باقاعدہ انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین مفتی محمد وسیم رضا نے خطاب کیا ۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور مسلم کانفرنس کی کوشش ہے کہ آئندہ انتخابات بہتر حکمت عملی اور مؤثر تیاری کے ساتھ لڑے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں جماعت کو بعض سیاسی چیلنجز کا سامنا رہا، جس کے باعث انتخابی اتحاد کی ضرورت محسوس کی گئی ۔
انہوں نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ علماء کونسل اور مسلم کانفرنس کے درمیان مکمل انتخابی اتحاد طے پا چکا ہے اور دونوں جماعتیں جموں، وادی کشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں مشترکہ طور پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔ ان کے مطابق یہ اتحاد آزاد کشمیر کے سیاسی اور پارلیمانی مستقبل کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار عتیق کا دورہ نیلم ، سینکڑوں کارکنان اور عوام کی جانب سےانکا پُرتپاک استقبال
سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی ایک مثال ہے، اور مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اسلامی تشخص، ختمِ نبوتؐ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ختمِ نبوتؐ کے حوالے سے آزاد کشمیر اسمبلی نے 1973 میں تاریخی فیصلہ کیا تھا جسے عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ علماء اور مشائخ نے ہمیشہ ختمِ نبوتؐ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی آزاد کشمیر میں انتخابات منعقد کرائے گئے، دھاندلی کے الزامات سامنے نہیں آئے۔مہاجرین کے ووٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار عتیق نے کہا کہ مہاجرین تحریک آزادی کشمیر کا اہم سیاسی اور پارلیمانی حصہ ہیں اور انہیں ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سوچ قابل قبول نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے مہاجرین کشمیر کی نمائندگی کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی اور یہ حلقے تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی آواز ہیں۔اس موقع پر متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین مفتی محمد وسیم رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء و مشائخ نے تحریک پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور آج بھی وہ ناموسِ رسالتؐ، اسلامی تشخص، مدارس، مساجد، خانقاہوں اور مزارات کے تحفظ کے لیے متحد ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن ،سردار عتیق خان کا تمام حلقوں میں اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں اتحاد، برداشت اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت ہے، اور علماء و مشائخ آئندہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کے شانہ بشانہ کردار ادا کریں گے ۔ مفتی محمد وسیم رضا نے مزید کہا کہ اہل سنت والجماعت کی مختلف جماعتیں، خانقاہیں اور مذہبی شخصیات بھی اس انتخابی اتحاد کا حصہ بن رہی ہیں، جس سے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نئی سیاسی صف بندی سامنے آ رہی ہے۔




