پاکستان نے بھارتی طیاروں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے، یہ پابندی 24 جولائی تک برقرار رہے گی۔
پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز اور بھارتی آپریٹرز کے زیر استعمال پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ڈی پی آئی آر کا بڑاسکیورٹی لیپس، بھارتی فوج کی خفیہ معلومات لیک
اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے نیا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹم میں کہا گیا کہ بھارتی رجسٹرڈ طیارے، بھارتی ملکیت یا لیز پر لیے گئے ہوائی جہاز اور بھارتی ایئرلائنز و آپریٹرز کی تمام سول و عسکری پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گی۔
بھارتی فوجی پروازوں پر بھی پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی ہوگی۔
نوٹم کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند رکھنے کا فیصلہ 24 جولائی کی صبح تک برقرار رہے گا، یہ پابندی آج شام 5 بج کر 50 منٹ سے لاگو ہوگی اور 24 جولائی کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:جی سیون اجلاس : بھارتی وزیراعظم مودی امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے سرجھکائے بیٹھے رہے
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند کر رکھی ہے، پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔




