آیا صوفیہ کے نیچے کیا چھپا تھا؟ 1600 سال پرانی پراسرار سرنگیں دریافت

استنبول( کشمیر ڈیجٹیل ) ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع تاریخی مسجد آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے مٹی اور ملبے تلے دبے زیرِ زمین سرنگوں کے نظام کے اہم حصے دریافت کرلیے گئے۔

ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے تقریباً 3000 ٹن ملبہ ہٹانے کے بعد ان خفیہ راستوں تک رسائی حاصل کی ہے، جن کی تاریخ تقریباً 1600 سال پرانی بتائی جاتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان زیرِ زمین سرنگوں کی کھدائی اور صفائی کا کام فروری 2025 میں شروع کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں تاریخی عمارت کے ایسے پوشیدہ حصے سامنے آئے ہیں جہاں تک طویل عرصے سے رسائی ممکن نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں ساحلی پٹی کے قریب بہترین کوالٹی کی گیس کی پہلی تاریخی دریافت

ماہرِ آثارِ قدیمہ حسن فرات دیکر نے 16 اکتوبر کو استنبول میں ایک پریزنٹیشن کے دوران انکشاف کیا کہ یہ سرنگیں رومی دور میں تعمیر کی گئی تھیں اور تقریباً 1600 سال قدیم ہیں۔

ماہرین کے مطابق زیرِ زمین موجود یہ راستے ماضی میں پانی کی ترسیل اور نکاسیِ آب کے نظام کا حصہ تھے، جبکہ بعض سرنگوں کو محفوظ زیرِ زمین گزرگاہوں کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا۔اس دریافت کا ایک حیران کن پہلو یہ بھی ہے کہ زیرِ زمین موجود بعض تعمیراتی ڈھانچے موجودہ آیا صوفیہ کی عمارت سے بھی زیادہ قدیم ہیں۔

موجودہ آیا صوفیہ کی تعمیر 537 عیسوی میں بازنطینی شہنشاہ جسٹینین اوّل کے دور میں مکمل ہوئی تھی۔اگرچہ ماہرین کئی دہائیوں سے اس زیرِ زمین نظام کے وجود سے واقف تھے، تاہم اس کے بیشتر حصے مٹی اور ملبے میں دبے ہونے کے باعث ناقابلِ رسائی تھے۔

یہ بھی پڑھیں :بلوچستان چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر دریافت

حالیہ صفائی اور کھدائی کے بعد محققین کو ان پوشیدہ راستوں اور تعمیراتی ڈھانچوں کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت رومی اور بازنطینی ادوار کے شہری نظام، پانی کی فراہمی، نکاسیِ آب اور قدیم تعمیراتی مہارت کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔اب محققین کی توجہ اس زیرِ زمین نظام کے مزید حصوں کی تحقیق پر مرکوز ہے، جس سے آیا صوفیہ اور قدیم استنبول کی تاریخ کے کئی نئے پہلو سامنے آنے کی توقع ہے۔