اسلام آباد ( خبرنگار )آزاد کشمیر میں حالیہ احتجاجی تحریک کے تناظر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں اور احتجاج کے طریقہ کار پر مختلف سماجی، کاروباری اور شہری حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مظفرآباد، میرپور اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجر نمائندوں اور مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں بعض مبینہ شرپسند عناصر کی جانب سے راستوں کی بندش، کاروباری سرگرمیوں کی معطلی اور اشتعال انگیزی سے عام آدمی کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
مقامی شہریوں اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے بیانات میں انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے کا پُرامن ماحول خراب کرنے والے عناصر کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے بچوں کو نشانہ بنانے لگی، مجتبیٰ بٹ ثبوت منظر عام پر لے آئے
کشمیری عوام ہمیشہ امن و استحکام کے خواہاں رہے ہیں اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ عوامی املاک کو نقصان پہنچائے یا روزگار کے ذرائع بند کرے۔
امن، استحکام اور عوامی تحفظ کے حوالے سے کشمیری عوام نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتشار پھیلانے اور قانون شکنی میں ملوث شرپسند و فسادی عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، کسی بھی فرد یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے، خوف و ہراس پھیلانے اور معاشرتی امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
آزادکشمیر میں امن و امان، عوامی حقوق اور سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کردار پربڑے سوالات اٹھ گئے ہیں۔
مختلف عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی تنظیم یا گروہ کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے کسی عہدیدار، کارکن یا حامی کی جانب سے قانون شکنی، تشدد، دھمکیوں یا امن عامہ میں خلل ڈالنے کے شواہد سامنے آئیں تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نے بچیوں کو لہو لہان کرکے حیوانیت کا ثبوت دیا
کشمیری رہنمائوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہر شہری اور تنظیم کا جمہوری حق ہے، تاہم اس حق کی آڑ میں قانون کو ہاتھ میں لینے، اداروں کو دباؤ میں لانے یا عام شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام پہلے ہی مختلف مسائل اور مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے حالات میں خطے کے امن، کاروباری سرگرمیوں اور معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
کشمیری عوام نے واضح کیا کہ ہمارا مطالبہ کسی کے جمہوری یا آئینی حق کو سلب کرنا نہیں، بلکہ کشمیر میں امن، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے، اس کا احتساب ہونا چاہیے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی جماعت یا تنظیم سے ہو، متعلقہ ادارے حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لیںاور قانون کے مطابق ایسے اقدامات کریں جن سے خطے میں امن و استحکام برقرار رہے۔




