غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گر گیا،مظفرآباد میں گیس سلنڈر 8 ہزار روپے تک جاپہنچا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور پریشانی کھڑی ہوگئی، دارالحکومت مظفرآباد میں گیس سلنڈر کی قیمت مبینہ طور پر 8 ہزار روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، گھریلو اخراجات پہلے ہی عوام کی قوت برداشت سے باہر ہو چکے ہیں۔

 کھانا پکانے کے لیے استعمال ہونے والی گیس بھی عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی دکھائی دے رہی ہے، مظفرآباد میں گیس سلنڈر کے نرخوں میں مبینہ بے تحاشا اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔

ایک طرف محدود آمدن اور دوسری جانب روزمرہ ضروریات زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کو شدید معاشی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مظفرآباد ضلعی انتظامیہ کا بڑا ایکشن! گیس سلنڈرز کی متعدد دکانیں سیل، دکانداروں کووارننگ جاری
 گیس سلنڈر کی قیمت مبینہ طور پر 8 ہزار روپے تک پہنچنے کے باعث دیہاڑی دار مزدور، ملازمت پیشہ افراد، چھوٹے کاروباری طبقے اور کم آمدن والے خاندان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

۔شہریوں  نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اگر عدالتی احکامات موجود ہیں تو ان پر مکمل عملدرآمد کیوں نہیں کروایا جا رہا؟ آخر وہ کون سی وجوہات ہیں جن کے باعث مبینہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکنے میں نہیں آ رہا؟

شہریوں نے سوال کیاکہ کیا دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیوں کے نام پر عوام سے من مانے نرخ وصول کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے؟ شہریوں کے مطابق قانون کی عملداری سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :آزادکشمیر:گیس بحران شدت اختیار کر گیا، سپلائی معطل، ریسٹورنٹس بند ہونے لگے

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈر کوئی لگژری یا غیر ضروری چیز نہیں بلکہ ہزاروں گھروں کی بنیادی ضرورت ہے،خصوصاً سرد موسم اور روزمرہ گھریلو ضروریات کے پیش نظر گیس کی دستیابی اور مناسب قیمت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

 کئی خاندان پہلے ہی بجلی، لکڑی اور دیگر متبادل ذرائع استعمال کرنے کے اخراجات برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں،عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد  فوری نوٹس لیں۔

 مارکیٹ میں فروخت ہونے والے سلنڈرز کے نرخوں کی جانچ پڑتال کی جائے اور سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں،گیس سلنڈر کے کاروبار سے وابستہ تمام دکانداروں اور ڈسٹری بیوٹرز کو مقررہ قیمتوں کا پابند بنایا جائے تاکہ صارفین سے ناجائز وصولیوں کا راستہ روکا جا سکے۔