ہدف

بھارت سے شکست کے بعد قومی ویمن ٹیم کیخلاف آئی سی سی کا بڑا ایکشن

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے پہلے ہی میچ کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا، آئی سی سی نے بھارت کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر ویمنز ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں گروپ ون کے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم بڑی مشکل میں پھنس گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:بھارت نے پاکستان کو 64رنز سے ہرا دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ میں مقررہ وقت کے اندر اوورز مکمل نہ کرنے پر سلو اوور ریٹ کا مرتکب قرار دیا گیا۔ یہ معاملہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت سامنے آیا۔

میچ ریفری ٹروڈی اینڈرسن نے پاکستان پر 5 فیصد جرمانہ عائد کیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیم وقت کی رعایت کو مدنظر رکھنے کے باوجود ایک اوور پیچھے رہی۔

اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی کیوں کہ پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے الزام قبول کرتے ہوئے سزا تسلیم کر لی۔ آن فیلڈ امپائرز کلیئر پولو ساک اور جیکولین ولیمز، تھرڈ امپائر ایلوس شیریڈن اور فورتھ امپائر سو ریڈفرن نے الزامات عائد کیے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان یہ میچ 14 جون کو انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی ویمنز ٹیم کو بھارتی ویمنز ٹیم کے خلاف 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نےنیوزی لینڈ کو 7وکٹ سے شکست دیدی

میچ کے بعد گروپ اے میں پاکستان چھ ٹیموں میں سے پانچویں نمبر پر ہے جب کہ ان کا نیٹ رن ریٹ منفی 3.200 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اگلا میچ جنوبی افریقا کے خلاف 17 جون کو ایجبسٹن میں ہی شیڈول ہے تاہم ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں یہ مقابلہ گروپ ون کے اہم میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔