آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے ایک میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو 64 رنز سے ہرا دیا۔
برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 17 اوورز میں صرف 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی دیپتی شرما نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دیے اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی طرف سے منیبہ اقبال 41 رنز بنا کر سب سے آگے رہیں، جبکہ عالیہ ریاض نے 18 رنز بنائے ۔ باقی کھلاڑی بھارتی اسپنرز کا سامنا نہ کر سکیں۔ میچ کا سب سے اہم موڑ 11واں اوور تھا، جہاں پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا صفر پر آؤٹ ہوئیں اور اچھی بیٹنگ کرنے والی منیبہ علی رن آؤٹ ہو گئیں ۔
اس کے بعد پاکستان کی جیت کی امیدیں ختم ہو گئیں۔ بھارت کی اچھی بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے پاکستان تیزی سے رنز نہ بنا سکا اور میچ ہار گیا۔ اس جیت سے بھارت کو دو اہم پوائنٹس مل گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 دن لاپتہ رہنے والا نیپالی کوہ پیما زندہ مل گیا
اس سے پہلے، بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بھارت کی شروعات اچھی نہیں تھی اور صرف 18 رنز پر اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ شیفالی ورما کو 6 رنز پر سعدیہ اقبال نے اور جمائیما روڈریگز کو 1 رن پر تسمیہ رباب نے آؤٹ کیا۔
مشکل وقت میں اوپنر سمرتی مندھانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم کو سنبھالا۔ سمرتی مندھانا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز بنائے۔ جب یہ دونوں آؤٹ ہوئیں تو پاکستانی ٹیم نے دباؤ بڑھانے کی کوشش کی لیکن رِچا گھوش نے آخری اوورز میں تیز رفتار رنز بنا کر بھارت کا اسکور 170 تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
میچ دیکھنے کے لیے دونوں ٹیموں کے مداح بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آئے ہوئے تھے۔ ایک حیران کن بات یہ دیکھنے کو ملی کہ ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلائنڈ ویمنز ٹی 20ورلڈکپ : پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں نے مثال قائم کردی
بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی تھی، اس لیے انہوں نے پہلے بیٹنگ چنی ۔ دوسری طرف پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتی تھیں کیونکہ پچ اچھی تھی لیکن انہیں اپنی بولنگ لائن پر پورا بھروسہ تھا ۔



