عام انتخابات، ریٹرننگ افسر میرپور کا فول پروف سکیورٹی کیلئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور جہانگیر احمد کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے پولنگ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو فوری طور پر مکتوب ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شرپسندوں کیخلاف طاقت کا استعمال کیا جائے ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی ہدایت

اجلاس میں ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے اور انتظامی امور کو فوری طور پر مکمل کرتے ہوئے تمام تیاریوں کو جلد نمٹانے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیشن جج گل شیر احمد، ایڈیشنل سیشن جج / جج فیملی کورٹ میرپور وقاص افسرسینئر سول جج عقیل احمد، ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد حسین، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نصیر احمد، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر ذیشان خلیل، تحصیلدار عمران یوسف، تحصیلدار آصف منیر، تحصیلدار راجہ اعجاز احمد اور سپرنٹنڈنٹ جمیل احمد نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میرپور و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہانگیر احمد نے ریٹرننگ افسران (آر۔اوز) کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ساتھ مطلوبہ معاون عملہ کی تعیناتی کو یقینی بناتے ہوئے انتخابی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں سر انجام دیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ، آئی ایس پی آر

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سرکاری ڈیوٹی پر مامور عملے کے لیے اچھی حالت میں گاڑیاں فوری طور پر فراہم کی جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہانگیر احمد نے کہا کہ ضلع میرپور میں انتخابی عمل کو صاف، شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں،

ضابطہ اخلاق پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کو بروقت نمٹایا جائے کیونکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ایک اہم قومی ذمہ داری ہیں۔

اس لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آر اوز محدود وسائل کے باوجود قومی فریضہ سمجھتے ہوئے شفاف، آزادانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔