مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر حکومت کے وزراء کرنل (ر) وقار احمد نور، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، راجہ ثاقب مجید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے سو روزہ پلان کی تیاریوں پر کام جاری ہے
جس کے تحت مختلف شعبوں میں قلیل، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے مرتب کئےجا رہے ہیں۔
وزراء کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی آزاد کشمیر آمد متوقع ہے۔
قیادت کی آمد کا دن سو روزہ پلان کا ڈے زیرو ہوگا، تاہم پلان کے آغاز کی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں ہوئی۔ سو روزہ پلان پر عمل درآمد قیادت کے دورۂ آزاد کشمیر سے شروع ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی صدارت میں آزاد کشمیر کابینہ کا اہم اجلاس، اہم فیصلے متوقع
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کیلئے مختص فنڈز کے اعلان اور فراہمی کی توقع ہے، جبکہ سو روزہ پلان میں صحت سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی شامل ہوگی۔
صحت کے شعبے میں قلیل، درمیانی اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے ذریعے ضلعی سطح پر سہولیات اور طبی اداروں کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
وزرا ئے حکومت کے مطابق محکمہ جنگلات سمیت دیگر محکمے بھی سو روزہ پلان کے تحت اپنے ترقیاتی منصوبے پیش کریں گے۔
حکومت مختلف شعبوں میں ترقیاتی پروگراموں پر عمل درآمد اور سرکاری محکموں کو مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات کرے گی۔
سو روزہ پلان کی مزید تفصیلات مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے دورۂ آزاد کشمیر کے موقع پر سامنے آنے کی توقع ہے۔




