مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدار ت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
قرارد اد میں کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کو یقینی بنانے کیلئے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاکستان نے عالمی سطح پر ایک امن پسند اور ذمہ دار ریاست ہونے کا جو کردار ادا کیا ہے، ان شاء اللہ اس کی سفارتی کوششیں بارآور ثابت ہوں گی اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیرکابینہ کااجلاس 10 مئی کو ”معرکہ حق“ کے طور پر قومی جوش و جذبے سے منانے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : رات ساڑھے 11بجے سے انٹرنیٹ ،موبائل سروس بند کرنے کا حکم
دس مئی ملک کی عسکری اور قومی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے جب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں دشمن کو شکستِ فاش سے دوچار کیا۔
اجلاس اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ ایمان، قربانی، اخوت اور مشترکہ جدوجہد پر مبنی ایک مضبوط اور لازوال تعلق ہے۔
جو ہر آنے والے وقت میں مزید مستحکم ہوگا۔قرارداد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیرکابینہ کا اجلاس مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نہتے اور بے گناہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
اجلاس حال ہی میں ایک کشمیری نوجوان کو بھارتی فوج کی جانب سے حراست میں لینے کے بعد بے دردی سے شہید کرنے کی بھی شدید مذمت کرتا ہے۔
اس نوعیت کے انسانیت سوز مظالم مقبوضہ کشمیر میں روزمرہ کا معمول ہیں جہاں کشمیری عوام کو طاقت، جبر اور تشدد کے ذریعے حقِ آزادی سے محروم رکھنے کی کوشش کی جا ری ہے۔
آزادجموں وکشمیرکابینہ کا اجلاس اقوامِ متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے پُرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں ۔۔
کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلوانےکیلئے اپنا مؤثر اور عملی کردار ادا کریں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیرکابینہ کااجلاس وطن کی سا لمیت اور دفاع پر جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
پاک افواج نے ملک سے دہشت گردوں اور خوارج کی بیخ کنی کیلئے جو کارروائیاں کی ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین نشستوں کا معاملہ،سپریم کورٹ کا فریقین کو6جون کوپیش ہونے کاحکم
قوم کو اپنے ان شہداء پر فخرہے جنہوں نے سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانیں جان آفریں کے سپردکیں۔ آزادجموں وکشمیرکابینہ کااجلاس وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں ریاست میں انقلابی اصلاحات متعارف کروانے اور تاریخی ترقیاتی منصوبوں کی شروعات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر نیلم سے سماہنی اور سماہنی سے حویلی تک اپنے دوروں میں کئی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔
کئی بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن کی تکمیل سے ریاست جدید خطوط پر استوار ہو گی اور لوگوں کو سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر ہونگی۔آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کی ولولہ انگیز قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔




