سرکاری گاڑی کی واپسی، جاوید بٹ کا ردعمل آگیا، بڑا دعویٰ کردیا

سابق وزیر حکومت ،ممبراسمبلی جاوید بٹ کا سرکاری گاڑی انتظامیہ کی جانب سے واپس لئے جانے پر ردعمل سامنےآ گیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہےاسسٹنٹ کمشنر نے نام نہاد کارکردگی دکھانے کیلئے ڈرامہ بازی کی، میں نے گاڑی خود واپس کردینی تھی۔

جاوید بٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس سے پہلے جاوید بٹ کے زیر استعمال جتنی بھی سرکاری گاڑیاں تھیں وہ جاوید بٹ نے خود محکمہ کے لوگوں کو بلا کر حوالے کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ممبر اسمبلی جاوید بٹ سے’’ فی سبیل اللہ‘‘ رکھی گئی سرکاری گاڑی واپس لے لی گئی

ترجمان کا کہنا ہے حکومت نے آج تک جاوید بٹ سے کوئی گاڑی نہیں لی بلکہ انہوں نے خود گاڑیاں واپس کی ہیں،گاڑی اگر جاوید بٹ نے زبردستی رکھی ہوتیں یا حکومت نے ضبط کرنی ہوتی تو 8 ماہ پہلے ہی ان سے لے لیتے۔

ترجمان کے مطابق جاوید بٹ کے پاس یہ گاڑی 8ماہ رہی اور ہر ماہ اسی گاڑی پر 3چکر مظفرآباد کے لگاتے رہے

ترجمان کے مطابق اب پروپیگنڈہ کرنے کے لیے یاکسی کے کہنے پر محکمہ اور اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے عوام میں نام نہاد کارکردگی دکھانے کے لیے ڈرامہ بازی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈرامہ نہ بھی ہوتا تو الیکشن شیڈول سے پہلے جاوید بٹ نے اسمبلی اجلاس کے فوری بعد گاڑی حوالے کر دینی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مہاجرین کو بلیک میل کرنا بند کیا جائے، ان کا جائز حق دیا جائے : جاوید بٹ

ترجمان کا کہنا تھا کہ جاوید بٹ کے علاوہ بھی جتنے وزیر،مشیر، ایم ایل ایز اور اہم عہدوں پر فائز لوگ ہیں وہ تو آج بھی سرکاری گاڑیوں اور سرکاری پٹرول اور اخراجات پر الیکشن مہم چلارہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جاوید بٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ سرکاری گاڑی فی سبیل اللہ رکھی ہوئی ہے جس پر انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے گاڑی واپس لی تھی۔