اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما،سابق سینئر وزیر سردار قمرالزمان اور مسلم لیگ (ن )کے رہنما سابق وزیر حکومت راجہ محمد یاسین خان کی ون ٹو ون ملاقات نے وسطی باغ کی سیاست میں ہلچل مچادی ہے۔
ذرائع کے مطابق سردار قمرالزمان اور راجہ محمد یاسین خان کی اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی جس ملک اور خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی فضا، عوامی مسائل، باہمی مشاورت اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:وادی کوٹلہ جھینگ : درجنوں افراد مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عوامی خدمت، سیاسی استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے سنجیدہ اور مثبت کردار وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر حکومت راجہ محمد یاسین خان کا تعلق حلقہ وسطی باغ سے ہے اور انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کیلئے اپلائی کررکھا ہے لیکن مشتاق احمد منہاس اور بریگیڈیئر (ر) محمد خان کے ہوتے ہوئے ان کو ٹکٹ ملنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
راجہ محمد یاسین خان مسلم کانفرنس چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے ہیں اور ذرائع کے مطابق ٹکٹ نہ ملنے پر وہ پیپلزپارٹی کے امیدوار یعنی سردار ضیاءالقمر کی حمایت کا اعلان کرسکتے جس سے مسلم لیگ (ن) کوبڑا جھٹکا لگنے کا امکان ہے۔
سردار قمرالزمان خان حلقہ شرقی باغ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرچکے ہیں اور ممکنہ طور پر سردار ضیاء القمر حلقہ وسطی باغ سے الیکشن لڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کوٹلی:80خاندان پیپلزپارٹی میں شامل،وقت کم نہ ہوتا تو تقدیر بدل دیتے،چوہدری یٰسین
سینئر سیاستدان سردار قمرالزمان کو جوڑ توڑ کی سیاست کا ماہر سمجھا جاتا ہے اور وہ عرصہ سے پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاست کررہے ہیں۔
تجریہ کاروں کا کہنا ہے کہ 2سینئرسیاستدانوں کی طویل ون ٹوون ملاقات آنیوالے دنوں وسطی باغ کا منظر نامہ تبدیل کرسکتی ہے۔




