دنیا کو جوہری ہتھیار نہ بنانےکا یقین دلانے کیلئے تیار ہیں، ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی برادری کو یہ یقین دہانی کرانے کیلئے تیار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے اور نہ ہم خطے میں بدامنی چاہتے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران سفارت کاری اورعلاقائی استحکام کیلئے پرعزم ہے اور مغربی ایشیا میں جنگ اور عدم تحفظ کا اصل سبب ایران نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایران،امریکہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یقین دلانے کیلئے تیار ہیں کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانے کے خواہاں نہیں ہیں اور نہ ہی خطے میں بدامنی چاہتے ہیں، اصل مسئلہ اسرائیل کی حکومت ہے جو ہر موقعے کو جنگ اور عدم استحکام برقرار رکھنے کیلئے استعمال کرتی ہے۔

امریکا سے جنگ کے خاتمے کیلئے جاری مذاکرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی مذاکرات کار ملک کی عزت اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ایرانی حکام کے مطابق ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت توانائی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کیلئے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کا قانونی حق رکھتا ہے جبکہ امریکا اور اس کے مغربی اتحادی ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کیلئے ٹیکنیکل صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب ایران مسلسل امریکا اور دیگر ممالک کے اس الزام کو مسترد کرتا آیا ہے کہ وہ کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے شہید لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فتویٰ کے ساتھ ساتھ ملک کی پالیسیاں اس معاملے پر واضح اور فیصلہ کن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کے مذاکرات میں مثبت پیشرفت کی اُمیدہے : ایرانی سفیر رضا امیری مقدم

خیال رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے عالمی برادری کو مخاطب کرکے یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے لیے جاری مذاکرات 14 نکات پر حتمی شکل اختیار کرنے کے قریب ہیں، جس کے باعث دونوں فریقین کے درمیان جنگ کا خاتمہ اور خطے میں جاری کشیدگی میں کمی کی امید ہے۔

ہاکستان کی ثالثی میں جاری مذاکرات کے سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دو روز قبل ایران کا اہم دورہ کیا تھا، جس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے حوصلہ پیش رفت ہوئی ہے۔