جامعہ کشمیر،22ویں کانووکیشن میں 7ہزار سے زائد طلبہ کو ڈگریاں دی جائیں گی

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جمو ں وکشمیر یونیورسٹی کے 22ویں کانووکیشن کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، کانووکیشن میں 7773طلبا و طالبات کو ڈگریاں دی جائیں گی۔

 کانووکیشن کے انعقاد کیلئے بنائی جانے والی کمیٹیوں کی جانب سے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہیں۔یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس میں منعقدہ کانووکیشن کی ریہرسل آج24نومبر2026 کو ہوگی۔

ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے 22ویں کانووکیشن منعقدہ 25نومبر 2026 کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔

ہہ بھی پڑھیں جامعہ کشمیر کانووکیشن،پوزیشن ہولڈرز، گولڈ میڈلسٹ طلباء میں ڈگریاں تقسیم،ویب سائٹ پر نام شائع

 کانووکیشن میں 7773طلبا و طالبات کو ڈگریاں دی جائیں گی۔ 48طلبہ کو گولڈ میڈل، 18پی ایچ ڈی،145ایم فل/ایم ایس، 5204 بی اے،بی ایس سی/ایم اے،ایم ایس سی،ایل ایل بی سالانہ امتحان،1366بی ایس،ایل ایل بی آن کیمپس طلبہ،800الحاق شدہ کالجز جبکہ 240ایم ایس سی،ایم اے آن کیمپس طلبہ کو ڈگریاں عطا ہونگی۔

 کانوووکیشن کے انعقاد کیلئے رجسٹرار آفس سے مختلف کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جنہیں مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ کانووکیشن میں صدر ریاست،چانسلر جامعہ کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان مہمان خصوصی ہونگے۔
پروقار تقریب بروز بدھ  25 نومبر 2026ء کو دن11بجے یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس میں منعقد ہوگی۔

 کانووکیشن میں وزرائے حکومت،سابق وزرائے کرام، ممبران قانون ساز اسمبلی،جامعہ کشمیر کے سابق وائس چانسلرز،ممبران سینڈیکیٹ،مختلف سرکاری محکموں کے سیکرٹریز،یونیورسٹی کے سابق فیکلٹی ممبران و آفیسران،ڈین حضرات، یونیورسٹی کے اعلیٰ انتظامی افسران،سربراہان شعبہ تات،فیکلٹی ممبران، فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور ان کے والدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :جامعہ کشمیر : انڈر اینڈ پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کیلئے رجسٹریشن، کیلنڈر جاری

کانووکیشن کی باقاعدہ تقریب سے ایک روز قبل یعنی آج بروز منگل24 نومبر 2026ء کو دن 2بجے کنگ عبداللہ کیمپس میں ریہرسل ہوگی، جس میں تمام فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کی شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔

 کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر بشارت احمد کے مطابق 22ویں کانووکیشن میں شرکت کیلئے تمام اہل طلبہ و طالبات کی آن لائن رجسٹریشن یونیورسٹی کے سرکاری پورٹل ajku.edu.pk کے ذریعے کی جاچکی ہے جبکہ شعبہ امتحانات ڈگری سیکشن میں بھی اُمیدواران کے فارم برائے حصول ڈگری وصولی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔