ہائی کورٹ کا بڑا حکم! مختلف محکموں میں بھرتیوں کا عمل عارضی طور پر معطل

آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے جاری کیے گئے اشتہارات پر حکمِ امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عدالتِ عالیہ کے اس حکم کے بعد مختلف محکموں میں جاری بھرتیوں کا پورا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

یہ عدالتی کارروائی اس وقت سامنے آئی جب ہائی کورٹ میں دائر مختلف درخواستوں کے ذریعے سرکاری ملازمتوں کے اشتہارات اور بھرتی کے رائج طریقہ کار کو قانونی طور پر چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالتِ عالیہ نے ان درخواستوں پر ابتدائی سماعت مکمل کرنے کے بعد فوری طور پر تمام متعلقہ محکموں کو کارروائی روکنے کا باضابطہ حکم دے دیا۔

 یہ بھی پڑھیں: ملک گیر طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی: محکمہ موسمیات کا ہائی الرٹ

دورانِ سماعت معزز جج ہائی کورٹ نے معاملے کی حساسیت اور نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ہی جیسے تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی ہدایت کی۔ معزز جج نے ان تمام درخواستوں پر مشترکہ طور پر گہرے قانونی نکات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ ڈویژن بینچ (ڈی بی) تشکیل دینے کی تحریک بھی کر دی ہے، جس کے روبرو آئندہ چند روز میں اس اہم معاملے کی باقاعدہ سماعت متوقع ہے۔

عدالتی حلقوں کی جانب سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق، جب ڈویژن بینچ کے سامنے اس کیس کی باقاعدہ سماعت شروع ہوگی تو اس دوران سرکاری بھرتیوں کے قانونی طریقہ کار، اشتہارات کی شفافیت اور میرٹ کی پامالی سے متعلق تمام باریک نکات پر تفصیلی اور گہرائی سے بحث کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ہوا میں لکڑنیلامی کا تہلکہ خیز انکشاف،ہائیکورٹ کا غیرقانونی نیلامی روکنے کا حکم

عدالتِ عالیہ کے اس حالیہ اقدام کے باعث آزاد کشمیر کے متعدد محکمہ جات میں جاری نئی تقرریوں اور انٹرویوز کا عمل شدید متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ جب تک ہائی کورٹ کا کوئی حتمی اور واضح فیصلہ سامنے نہیں آتا، تب تک کسی بھی محکمے میں نئی بھرتی کا عمل آگے نہیں بڑھایا جا سکے گا۔