سلہٹ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو شکست، بنگلادیش نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سلہٹ کے مقام پر کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کی شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ بنگلادیش نے سلہٹ ٹیسٹ کے آخری دن پاکستان کو 78 رنز سے عبرتناک شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا، جس نے پاکستانی کرکٹ شائقین کو شدید مایوس کیا ہے۔

میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے بعد جب آخری دن کا آغاز ہوا تو مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔ بنگلادیش کو تاریخی فتح حاصل کرنے کے لیے صرف 3 اہم وکٹیں درکار تھیں جبکہ دوسری جانب گرین شرٹس کو یہ میچ اور اپنی ساکھ بچانے کے لیے مزید 121 رنز کی ضرورت تھی۔

یہ بھی پڑھیں: میرے اور شاہین آفریدی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، سوشل میڈیا کی خبریں درست نہیں: عمر گل

ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن پاکستانی بلے باز بنگلادیشی باؤلرز کے سامنے جم کر کھیلنے میں ناکام رہے اور پوری پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 359 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی بلے باز مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

اس طرح بنگلادیش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو 78 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بنگلادیش نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے خلاف کلین سویپ کرتے ہوئے وائٹ واش کی تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم کو اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے اب نئے سرے سے سوچنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: قومی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نےٹی 20میں نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا