پنجاب میں بڑا ایکشن، 4 ہفتوں میں 24 مراکز سیل، 62 کی سہولیات معطل

لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) پنجاب بھر میں مریضوں کی صحت سے کھیلنے والی علاجگاہوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئیں ۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صرف چار ہفتوں کے دوران 693 سرکاری و نجی طبی مراکز کے معائنے مکمل کرتے ہوئے معیار پر پورا نہ اترنے والی 24 علاجگاہیں سیل اور 62 کی مخصوص طبی سہولیات معطل کردیں۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے اور مریضوں کو محفوظ علاج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر انسپیکشنز کی گئیں۔ اس دوران مزید 56 علاجگاہوں کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں آزاد کشمیر،محکمہ صحت میں بھرتیوں کیلئے ای ٹی ایس کو ہائر کرنے کا فیصلہ

ترجمان کا کہنا ہے کہ ان چار ہفتوں کے دوران انتہائی نگہداشت یونٹس اور فائر سیفٹی انتظامات کے 89 خصوصی معائنے کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 161 خصوصی انسپیکشنز بھی مکمل کی گئیں۔

معائنوں میں 225 جنرل پریکٹیشنر کلینکس اور ڈسپنسریاں، 96 ہسپتال، 46 ڈائیلاسز سینٹرز، 37 ہومیوپیتھک کلینکس، 30 سنگل اسپیشلٹی کلینکس اور 25 ڈینٹل کلینکس شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی عدم دستیابی برداشت نہیں، صدرآزادکشمیر

اس کے علاوہ 19 مطب، 14 میٹرنٹی ہومز، 12 پولی کلینکس، 10 تشخیصی مراکز، سات کلیکشن سینٹرز، نشے کے علاج کے پانچ مراکز، چار بنیادی مراکز صحت اور دو ایستھیٹک کلینکس کا بھی معائنہ کیا گیا۔

ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد علاجگاہوں میں مستند ڈاکٹروں اور نرسنگ عملے کی موجودگی، طبی ریکارڈ کی جانچ اور مریضوں کو محفوظ و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔