اجلاس

ذوالحجہ کا چاند دیکھنےکیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے ۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں منعقد ہوگا، جہاں مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں اور موسمی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔

اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کریں گے، جبکہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے شہروں میں منعقد ہوں گے ۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اگر آج شام ذوالحج کا چاند نظر آ گیا تو ملک بھر میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی ۔

تاہم اگر چاند کی رویت نہ ہو سکی تو یکم ذوالحج 20 مئی کو ہوگی اور عیدالاضحیٰ جمعرات 28 مئی کو ادا کی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب، سپارکو کی پیشگوئی

عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی جاتی ہے اور اس مذہبی تہوار کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے ۔

دوسری جانب سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے آج 30 ذی القعدہ کی شام ذوالحج کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے ۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جس شخص کو چاند نظر آئے وہ اپنی گواہی قریبی عدالت میں ریکارڈ کروائے تاکہ شرعی اصولوں کے مطابق نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا اعلان کیا جا سکے ۔

ماہرین موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض شہروں میں چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں ۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے

عوام کی نظریں اب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر مرکوز ہیں، جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔