پلیٹ فارم

سال2026: گوگل پریوٹیوب دنیا میں سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا پلیٹ فارم

لاہور: دنیا بھر میں اربوں صارفین روزانہ انٹرنیٹ کا استعمال معلومات کے حصول، تفریح، تعلیم، خریداری اور باہمی رابطے کیلئے کرتے ہیں ۔

  2026 کے سرچ ٹرینڈز نے یہ واضح کر دیا ہے کہ صارفین کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے اور اب لوگ تیزی سے مصنوعی ذہانت، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور فوری معلومات فراہم کرنے والی سروسز کی جانب مائل ہو رہے ہیں ۔

تازہ رپورٹس کے مطابق گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے پلیٹ فارمز میں یوٹیوب نے ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

دنیا بھر کے صارفین نے یوٹیوب کو موسیقی سننے، تعلیمی ویڈیوز دیکھنے، خبروں سے آگاہ رہنے اور تفریحی مواد تک رسائی کے لیے سب سے زیادہ استعمال کیا ۔

دوسرے نمبر پر مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ جی پی ٹی رہا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اے آئی ٹولز تیزی سے روزمرہ زندگی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر24 گھنٹوں میں گوگل ٹرینڈز میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت

ماہرین کے مطابق تحقیق، مواد کی تیاری، تعلیم اور مختلف مسائل کے فوری حل کے لیے چیٹ جی پی ٹی جیسے ٹولز کا استعمال نمایاں طور پر بڑھا ہے ۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں فیس بک تیسرے اور انسٹاگرام چوتھے نمبر پر رہے، جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس اب بھی صارفین کی بڑی ضرورت اور دلچسپی کا مرکز ہیں ۔

پانچویں نمبر پر موسم سے متعلق معلومات کی تلاش رہی، جس کی وجہ موسمی تبدیلیاں اور غیر یقینی حالات بتائے جا رہے ہیں ۔

ای کامرس کے میدان میں ایمیزون چھٹے نمبر پر رہا، جبکہ ساتویں نمبر پر یہ دلچسپ رجحان سامنے آیا کہ صارفین خود گوگل کو ہی سرچ کرتے ہیں ۔

گوگل ٹرانسلیٹ آٹھویں نمبر پر، واٹس ایپ ویب نویں نمبر پر اور گوگل کا جدید اے آئی ماڈل جیمنائی دسویں نمبر پر رہا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گوگل پکسل 11 کی نئی ٹیکنالوجی: ایپل اور سام سنگ کو پیچھے چھوڑنے کی تیاری

مجموعی طور پر یہ فہرست ظاہر کرتی ہے کہ انٹرنیٹ کا مستقبل اب ویڈیو مواد، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے گرد تیزی سے گھوم رہا ہے جو آنیوالے وقت میں ڈیجیٹل دنیا کو مزید تبدیل کر سکتا ہے ۔