پاکستان میں عید الاضحیٰ چھیٹیوں کی ممکنہ تاریخیں سامنے آ گئیں تاہم حتمی اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عید الاضحیٰ 2026 کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ابتدائی پیش گوئیاں سامنے آئی ہیں تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی جو چاند نظر آنے کی شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی ۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ 2026 کو منائی جا سکتی ہے ۔ اگرچہ یہ تاریخ فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر سامنے آئی ہے لیکن اس کی حتمی توثیق رویت ہلال کے بعد ہی ممکن ہوگی ۔
حکومتی سطح پر بھی تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔اگر عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جاتی ہے تو روایتی حکومتی شیڈول کے مطابق سرکاری تعطیلات کا آغاز 26 مئی (منگل) سے ہونے کا امکان ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عید کی خوشیاں دوبالا: پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر طویل تعطیلات کا امکان!
اس صورت میں تعطیلات 29 مئی (جمعہ) تک جاری رہ سکتی ہیں۔ مزید برآں اگر ان تعطیلات کے ساتھ ہفتہ اور اتوار کی عام چھٹیاں بھی شامل کر لی جائیں تو سرکاری اور نجی ملازمین کو مسلسل چھ روز کی تعطیلات میسر آ سکتی ہیں، جو ایک طویل وقفہ فراہم کرے گی ۔
دوسری جانب پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے ذوالحجہ 1447 ہجری کے نئے چاند سے متعلق فلکیاتی اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 1 منٹ پر تشکیل پائے گا ۔
اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے اور 30 منٹ ہوگی، جو چاند کے نظر آنے کے امکانات کیلئے ایک اہم سائنسی پیمانہ سمجھا جاتا ہے ۔
ادارے کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ ہوگا، جس کے باعث اگر موسم صاف ہو تو چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہوں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ پر جھولوں پر پابندی؟ شہریوں کے تحفظ کے لیے بڑا فیصلہ
تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور مشاہدات کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا، جس کے بعد عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔




