مکہ مکرمہ : حج 2026 کے موقع پر سعودیہ عرب کی حکومت نے عازمینِ حج کیلئے نئے انتظامی اور حفاظتی اقدامات متعارف کرا دئیےہیں ۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان ہدایات کا مقصد حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور عبادات کی ادائیگی کو آسان بنانا ہے ۔
سعودی حکام نے مسجد الحرام اور اطراف کے علاقوں میں آمد و رفت کو منظم کرنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے ۔
جاری کردہ رہنما اصولوں میں حرم کے داخلی و خارجی راستوں، طواف اور سعی کیلئے مخصوص مقامات اور زائرین کی نقل و حرکت سے متعلق مکمل معلومات شامل ہیں تاکہ رش کم کیا جا سکے اور کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے ۔
اعلامیے کے مطابق معذور اور بزرگ عازمین کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ویل چیئر اور برقی چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے الگ گزرگاہیں مختص کی گئی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عازمینِ حج کے لیے سفری ہدایات جاری، ادویات ساتھ رکھنے اور بائیومیٹرک سے متعلق اہم الرٹ
حکام نے واضح کیا ہے کہ سعی کے راستے میں غیر ضروری قیام یا بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ عبادت کرنیوالوں کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔وزارتِ داخلہ نے حجاج کرام کو صحت و سلامتی سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔
رش والے مقامات پر ماسک پہننے اور مقررہ حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تعاون اور نظم و ضبط سے حج انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے ۔
سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حج اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں داخلے کی کوشش کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مقررہ سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عازمینِ حج ہوشیار! بغیر پرمٹ حج کرنے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 10 سالہ پابندی کا اعلان
سعودی حکومت کے مطابق تمام متعلقہ ادارے حج سیزن کے دوران عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت متحرک ہیں جبکہ زائرین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ حج کا نظام خوش اسلوبی سے جاری رکھا جا سکے ۔




