مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ انتخابات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم آزادکشمیر اور صدر پیپلزپارٹی نے مختلف انتخابی حلقوں میں اہم سیاسی شخصیات اور کارکنان کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کو عوام کی حکومتی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر قرار دیا۔
وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں، روزگار، صحت، اپنی مختصر عرصہ کی کارکردگی اور تعلیم کے شعبوں میں واضح اور جامع پروگرام کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابی اتحاد پر قیادت کا مشکور ،مولانا سعید یوسف،تمام حلقوں میں حکمت عملی طے کرینگے،چوہدری یٰسین
وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چوہدری محمد یاسین کا کہنا تھا کہ عوام کی جوق در جوق پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام حکومتی کارکردگی، عوامی پالیسیوں اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی ن لیگ پر الیکشن مہم سے متعلق شدید تنقید
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عوامی حقوق کی ترجمان جماعت رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ہر طبقہ فکر کے لوگ پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے اس کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔
صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی عوامی فلاح و بہبود، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور خطے کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔




