تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمان انتقال کرگئے، ان کے انتقال کی خبر پر ملک بھر کے دینی و مذہبی حلقوں میں سوگ کی فضا ہے۔مولانا نذرالرحمان کچھ عرصہ سے علیل تھے۔
مولانا نذرالرحمان کو 2018 میں تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے تھے اور ان کی قیادت میں جماعت کی سرگرمیاں جاری رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل، وزیراعظم کا مسلم دنیا کی بااثر شخصیات میں سرفہرست آنا باعث فخر ہے، کشمیری عوام کا شاندار خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا نذرالرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے تعزیت کی ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ مولانا نذرالرحمان نے دین اسلام کی تبلیغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے بھی امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا نذر الرحمان کی دینی و دعوتی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:آیا صوفیہ کے نیچے کیا چھپا تھا؟ 1600 سال پرانی پراسرار سرنگیں دریافت
مولانا نذرالرحمان کے انتقال پر مختلف مذہبی شخصیات اور دینی حلقوں کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر ان کی دینی اور تبلیغی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مرحوم کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کے حوالے سے تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ متعلقہ حلقوں کے مطابق نماز جنازہ کی تفصیلات مشاورت کے بعد جاری کی جائیں گی۔




