اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ اس منصوبے پر خاصی پیش رفت ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا ہونے کے بعد نیا سال شروع ہونے سے قبل اس منصوبے کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل، وزیراعظم کا مسلم دنیا کی بااثر شخصیات میں سرفہرست آنا باعث فخر ہے، کشمیری عوام کا شاندار خراج تحسین
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےخواجہ آصف نے امکان ظاہر کیا کہ مجوزہ سیاسی پیش رفت کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو بھی مرکزی دھارے کی سیاست میں واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔
انہوں نے ملک کے سیاسی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے کسی کیلئے خطرہ نہیں ہیں، تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا جارہا ہے اور جلد ہی کوئی حل نکل آئے گا۔
وزیرِ دفاع نے نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف کو بھی اس معاملے پر اتفاق کرنے کی پیشکش کی ہے۔
نئے صوبوں کے قیام پر پیپلزپارٹی کے تحفظات سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے، میرے خیال میں ایک دو ہفتوں کے دوران تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہوجائیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر اس سلسلے میں چھوٹی موٹی کوئی اسپیس دینی پڑی تو وہ بھی دے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر اتفاق کی صورت میں پی ٹی آئی کو مرکزی دھارے کی سیاست میں واپسی کا موقع مل سکتا ہے، ایک شخص کو محور بنا کر ہر چیز داؤ پر لگا دی جائے تو اسے سیاست نہیں کہا جاسکتا۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آخر تک اس نئے نظام کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی،میری ذاتی رائے ہے کہ نئے سال میں یہ نیا نظام دیکھنے کو ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد سفارتکاری کیلئے پھر مرکزنگاہ بن گیا،اہم رہنما پاکستان پہنچ آئے
خواجہ آصف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل اور اس حوالے سے ریفرنڈم کی تجاویز پر بحث جاری ہے۔
اتوار کے روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔




