آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے محکمہ صحت عامہ میں غیر جریدہ آسامیوں پر تقرریوں کے حوالے سے دائر ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے انتخابی یا انتظامی ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی اور سلیکشن پراسیس میں جلد بازی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) مظفرآباد کو فوری طلب کر کے جواب دہی کا حکم دیا ہے۔
مقدمہ عنوانی “راجہ کوکب امتیاز بنام ڈی ایچ او مظفرآباد” کی سماعت کے دوران معزز عدالت نے محکمہ صحت کے طریقہ کار پر سخت سوالات اٹھائے۔ عدالت نے ڈی ایچ او مظفرآباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا اور دورانِ سماعت ان کی سخت سرزنش کی۔ عدالت نے معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ڈی ایچ او کو محض آدھے گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا بڑا حکم، محکمہ صحت مظفرآباد میں 20 سے زائد تقرریاں معطل
درخواست گزار کے مطابق محکمہ صحت میں غیر جریدہ آسامیوں کے لیے درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 16 مئی مقرر کی گئی ہے، لیکن حیران کن طور پر سلیکشن پراسیس کا آغاز 13 مئی سے ہی کر دیا گیا ہے۔ درخواستیں جمع کروانے کی ڈیڈ لائن گزرنے سے پہلے ہی سلیکشن پراسیس شروع کرنے کو قانونی طور پر مشکوک اور شفافیت کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔
قانونی ماہرین اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے میرٹ کی پامالی قرار دیا ہے۔ عدالت میں دائر پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب ابھی درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں تو سلیکشن کا عمل کس بنیاد پر شروع کیا گیا؟ ہائی کورٹ کی جانب سے اس معاملے میں مداخلت کو امیدواروں کے لیے انصاف کی کرن قرار دیا جا رہا ہے۔




