پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور غیر یقینی اضافے کے باعث عام صارفین کے لیے روزمرہ کی آمد و رفت ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ اس صورتحال میں پاکستانی صارفین بڑی تعداد میں پیٹرول بائیکس کے متبادل کے طور پر الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز کی طرف رجوع کر رہے ہیں جو کہ سفر کا ایک سستا اور بہترین ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں. مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی اس طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی کمپنیوں نے 2 لاکھ روپے سے کم مالیت میں مختلف ای وی (EV) ماڈلز متعارف کروائے ہیں۔
میٹرو کمپنی اس وقت مارکیٹ میں صارفین کو رینج اور وارنٹی کے لحاظ سے کئی بہترین آپشنز فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پیش کردہ ‘میٹرو دبنگ’ کا این ایف سی ورژن تقریباً 190,000 روپے میں دستیاب ہے جو ایک بار چارج کرنے پر 115 کلومیٹر تک کا طویل فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ماڈل کی خاص بات اس کی تین سالہ بیٹری وارنٹی ہے۔ اسی طرح ‘میٹرو T9’ اسکوٹر 184,000 روپے میں دستیاب ہے جس کی رینج 110 کلومیٹر تک ہے اور اس کی موٹر و بیٹری پر دو سال کی وارنٹی دی جا رہی ہے۔کم بجٹ والے صارفین کے لیے میٹرو کی ‘ونڈر بائیک’ محض 110,000 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ‘الیکٹرک سپر بائیک’ 144,000 روپے میں 80 کلومیٹر تک کی رینج فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا سرکاری ملازمین کو بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ
عالمی سطح پر معروف کمپنی ‘یاڈیا’ کے اسکوٹرز بھی پاکستانی مارکیٹ میں کافی مقبول ہو رہے ہیں. ‘Yadea M3’ اسکوٹر 169,000 روپے میں دستیاب ہے جو 80 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ شہری استعمال کے لیے بہترین ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اسی طرح ‘Yadea GT30’ ماڈل 189,000 روپے میں 75 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتا ہے. دوسری جانب ‘اوکلا’ کمپنی کا ‘اونیکس’ (Onyx) الیکٹرک بائیک 192,000 روپے میں 100 کلومیٹر کی رینج فراہم کر رہا ہے، جبکہ اس کا ‘آربٹ’ (Orbit) ماڈل 162,000 روپے میں دستیاب ہے جو 80 کلومیٹر فی چارج رینج اور 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار فراہم کرتا ہے۔
صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ماحول دوست توانائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف منتقلی کا عمل مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔صارفین اب ایسے متبادل تلاش کر رہے ہیں جو نہ صرف جیب پر بھاری نہ ہوں بلکہ پائیدار بھی ہوں. پیٹرول کے مقابلے میں برقی بائیکس کا فی کلومیٹر خرچ انتہائی کم ہے، جو انہیں متوسط طبقے کے لیے ایک آئیڈیل انتخاب بناتا ہے۔




