مہاجرین ممبران اسمبلی کے فنڈز کا اجراء ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کی کامیابی پر منحصر ،میاں عبدالوحید

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سینئر موسٹ وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے ممبر اسمبلی عبدالماجد خان کی جانب سے مہاجرین ممبران اسمبلی کو فنڈز کی عدم فراہمی کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ مہاجرین ممبران اسمبلی کا معاملہ متنازع حیثیت اختیار کر چکا ہے تاہم کمیٹی اس پر کام کر رہی ہے اور بات چیت جاری ہے۔

مذاکرات کا حتمی نتیجہ نکلنے تک حکومت کوئی موقف اختیار کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں مہاجرین ممبران اسمبلی کے فنڈز جاری کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے تیار

فاضل ممبر نے عدالت العظمی کے جن فیصلہ جات کا ذکر کیا ہے حکومت ان پر تفصیلی غور وجود کے بعد ضروری اقدامات کرے گی۔

موسٹ سینئر وزیر، وزیر قانون، انصاف وپارلیمانی امور میاں عبدالوحیدایڈووکیٹ نے ممبر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کی جانب سے محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کے مسائل اور ایڈہاک ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر اور سیکرٹری صحت عامہ کے درمیان مرحلہ وار محکمہ صحت کے ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے اتفاق ہو گیا ہے جس کے بعد ملازمین عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق : بھارتی طیارے گرائے جانے کے بعد چینی طیاروں کی مانگ بڑھ گئی

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی روزگار فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے، ایڈہاک ملازمین ریاست کیلئے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں جن کے مستقبل کیلئے کمیٹی کی سفارشات کو آئندہ کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا جائے گا اور قانون سازی کی جائے گی۔

سینئر موسٹ وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے ممبر اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی کی جانب سے خواتین ملازمین کیلئے ڈے کئیر سنٹر کے قیام کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حکومت وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر پیش رفت کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انجمن تاجران خورشید آباد کا آٹے کی قلت کیخلاف عوامی تحریک چلانے کا اعلان

وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے ممبر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کی جانب سے کینسر کے مریضوں کیلئے ادویات کی خریداری کے حوالے سے قلیل المہلت سوال کے جواب میں کہا کہ معاملہ عوامی مفاد سے تعلق رکھتا ہے جس کو وزیر صحت، سیکرٹری صحت عامہ کے نوٹس میں لا کر ادویات کی خریداری کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کینسر کے مریضوں کا بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔

Scroll to Top