پی ایس ایل، حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سطانز کی چھٹی کرا دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز نے باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے جبکہ فائنل میں رسائی کے لیے حیدر آباد کنگزمین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹمیں ایلیمنیٹر 2 میں جمعے کو مدمقابل ہوں گی۔

بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے پہلے ناک آؤٹ مقابلے میں ملتان سلطانز نے شان مسعود کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے تاہم حیدرآباد کنگز مین نے 160 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے پی ایس ایل میں ایک اور سنگِ میل عبورکر لیا

حیدرآباد کنگز مین کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے جب کہ شان مسعود کے علاوہ کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔

شان مسعود نے 46 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیادیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان 15، اسٹیو اسمتھ 13 اور محمد نواز 18 رنز بنا سکے۔

اس کے علاوہ کپتان ایشٹن ٹرنر اور پیٹر سڈل 9،9 ، جوش فلپ 6، فیصل اکرم 4، محمد عمران 2 اور عرفات منہاس ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور حیدر آباد کنگز مین کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا۔

حیدر آباد کنگز مین کی جانب سے عاکف جاوید، حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ صائم ایوب اور گلین میکسویل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کوالیفائر ٹکٹوں کی آن لائن فروخت، شائقین کی غیر معمولی دلچسپی

ملتان سلطانز کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدر آباد کنگز مین کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا، معاذ صداقت نے 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ عثمان خان نے بھی 64 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دونوں کے درمیان اہم شراکت نے میچ کا رخ یکطرفہ کر دیا، کپتان مارنس لبوشین 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب نے آخر میں 15 رنز بنا کر ٹیم کو بآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور اسٹیون اسمتھ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ اس طرح حیدر آباد کنگزمین نے 160 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرتے ہوئے میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔

اس فتح کے ساتھ حیدر آباد کنگز مین پی ایس ایل 11 میں اپنی مہم جاری رکھنے میں کامیاب رہے اور شاندار پرفارمنس کے باعث اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ شکست کے بعد ملتان سلطانز کا پی ایس ایل 11 میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل،پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی،شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس چانس باقی

دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین جمعے کو ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ کرے گی اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اتریگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

Scroll to Top