اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )کم عمری میں بڑا مقام حاصل کرنے والی آزادکشمیر کی بیٹی نتالیہ خان نے جانے میں بھی جلدی کر دی۔ نتالیہ خان نے کم عمری میں ہی سائیکلنگ اور روئنگ کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ کے مطابق نتالیہ خان کافی عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں اور وہ زیرِ علاج تھیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی صحت کی بہتری کے لیے سرجری بھی کی گئی ، تاہم وہ اس کے بعد سنبھل نہ سکیں۔ سرجری کے بعد ان کی حالت مزید بگڑتی گئی اور بالآخر وہ خالقِ حقیقی سے جا ملیں ۔
ان کا کہنا ہےکہ نتالیہ خان کی محنت، عزم اور کھیل سے لگن نے انہیں ایک باصلاحیت کھلاڑی کے طور پر پہچان دی۔ ان کی کارکردگی نہ صرف ساتھی کھلاڑیوں بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی باعثِ تحریک تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معروف خاتون گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی آروزو حیدر جان کی بازی ہار گئیں
ان کے انتقال پر سید اظہر علی شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے تمام اراکین اس سانحے پر دکھی ہیں ۔
انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نتالیہ خان کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے ۔
نتالیہ کی وفات پاکستان کے کھیلوںکیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نشہ آوراشیاء کا استعمال،کرکٹر محمد نواز کیخلاف انکوائری کا فیصلہ
واضح رہے کہ نتالیہ خان کا تعلق ضلع با غ آزادکشمیر کے نواحی گاؤ ں چناٹ سے تھا اور وہ سردار محمد بشارت خان کی بیٹی اور لاہور میں اپنے والدین کے ساتھ رہائش پذیر تھیں ۔




