وزیراعظم فیصل راٹھور ایڈہاک ملازمین کا معاملہ فوری حل کریں، خواجہ فاروق

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈہاک ملازمین کے سرپر بیروزگار ہونے والی لٹکتی تلوار ہٹادی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ملازمین کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کی سفارشات جو حکومت کو موصول ہوچکی ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں بھی کابینہ کمیٹی نے سفارشات وزیراعظم وقت کو پیش کردی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمانی بورڈ کی سفارشات حتمی نہیں ہونگی، خواجہ فاروق کا حیران کن دعویٰ

اب دو بارہ یہی مسئلہ حکومت کے پاس زیر غور ہے، مناسب اور عوام دوست اقدام یہی ہوگا کہ کمیٹی کی سفارشات پر فوری عمل کیا جائے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ایڈہاک ملازمین کا یہ معاملہ یکسو کر کے آئندہ کے لیے پالیسی بنادی جائے کہ کوئی بھی ایڈہاک تقرری نہ ہوگی لیکن یہ ایڈہاک ملازمین جن کی عمریں بھی 40سال سے زائد ہوگئی ہیں کو مستقل کر کے ذہنی کوفت سے نجات دلائی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ریاست ایک ماں جیسی ہوتی ہے، ماں کبھی اپنے بچوں سے روزگار نہیں چھینتی۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ وزیراعظم اس دیرینہ اہم ترین انسانی مسئلہ کو ایک بار حل کر کے ہزاروں ایڈہاک ملازمین کو موجودہ ذہنی کوفت سے نجات دلائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ کرکے جائیں گے، وزیراعظم فیصل راٹھور کا اعلان

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور دیگر جماعتیں سب ایڈہاک ملازمین کے موجودہ اضطراب پریشانی کو حل کرنے کی حمایت کرتی ہیں اور ان ملازمین کے چولہے بجھنے کی کوئی بھی کارروائی کی کبھی حمایت نہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ اپنی ہی بنائی ہوئی ایڈہاک ملازمین کی سفارشات پر عمل کرکے ان ہزاروں ایڈہاک ملازمین کو پریشانی،اذیت،کوفت سے نجات دلائیں۔

Scroll to Top