پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا جس میں58 طالبان ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں اور پاک فضائیہ نے قندھار میں کارروائی شروع کردی ہے جس پر طالبان غاروں میں گھس گئے ہیں، پاک فوج نے کئی دہشتگرد ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔
پاک فوج نے موثر جوابی حملوں میں 58افغان خارجی جہنم واصل کردیا ہے جبکہ100سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ،12پوسٹیں مکمل تباہ اور 5افغان پوسٹوں پر قبضہ کرلیا گیاہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک بڑا ایمونیشن ڈپو، 3افغانی بٹالین اورسیکٹرہیڈکوارٹرمکمل طور پر تباہ کردیئے گئے ہیں۔
موثر جوابی کارروائی میں 30سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیزتباہ ہو چکے ہیں جبکہ جوابی حملے جاری ہیں
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کے بریکوٹ بیس کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نےنشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کے 36 کارندے جہنم واصل،پاک فوج کے 2 جوان شہید، عطااللہ تارڑ
پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں، مزید 3 طالبان ہلاک کردئیے جبکہ طالبان طور ختم بارڈر چھوڑ کر بھی فرار ہو گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔
سکیورٹی فورسز نےکرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردئیے اور مزید8 طالبان جنگجو ہلاک کردیے۔ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق تقریباََ 44 افغان طالبان ہوچکےہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے، ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سکائی نیوز کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، جعلی سٹوری ڈیلیٹ کردی
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، افغان طالبان نے باجوڑ میں مسجد کو نشانہ بنایا ،افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے متاثرہوئے۔
دریں اثناء کراچی سمیت ملک بھر کے عوام پاک فوج کی حمایت میں باہر نکل آئے اور کراچی سمیت کئی شہروں میں پاک فوج سے یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔




