مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) تھائی لینڈ میں سفر کے دوران ٹیکسی ڈرائیوار کے ہاتھوں اغوا ہونے والےمظفرآباد کے 2نوجوان میانمار سے بھاری تاوان دے کر بازیاب ہو گئے ہیں۔
مظفر آباد سے تعلق رکھنے والے عمر عباسی اور رئیس عباسی نامی 2نوجوان10 اکتوبر 2024 کو تھائی لینڈ میں ٹیکسی پر سفر کے دوران ڈرائیور کے ہاتھوں اغواء ہوئے ، انہیں بیہوش کرکے میانمار لے جایا گیا تھا اورقید خانے میں ڈال دیا گیاتھا۔
نوجوانوں کوکئی ماہ تک قید میں رکھا گیا اورانہیں جسمانی تشدد کے سواذہنی اذیت کا بھی نشانہ بنایا گیا، آخر کار امریکی وآسٹریلوی این جی اوز نے ان کی رہائی میں کردار ادا کیا اوررہائی دلوائی۔
رہائی پانے والے عمرعباسی نے میڈیا کو بتایا کہ حالات انتہائی بدتر تھے اور ایک بڑے کیمپ میں 100 افراد کو قید کر کے روزانہ اذیت دی جاتی تھی، عمر عباسی کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہمیں خریدا گیا ہے، اور اگر ہم بھاگنے کی کوشش کرتے تو ہمیں مار ڈالا جاتا۔
عمرعباسی کے مطابق حکومت سے متعدد اپیلوں کے باوجود ہمیں وزارت خارجہ ، سفارتخانوں سے کوئی مدد نہیں ملی، صرف آزاد کشمیر کے وزیر بازل نقوی نے کچھ کوششیں کیں لیکن ہمیں اپنے خاندانوں کیلئے بھاری تاوان دے کر رہائی حاصل کرنا پڑی۔
ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو امریکی اور آسٹریلوی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کی مدد سے بازیاب کرایا گیا۔ این جی اوز نے انسانی اسمگلروں سے مذاکرات کر کے تاوان کی رقم ادا کی اور ان دونوں کو میانمار سے تھائی لینڈ منتقل کرایا۔
دونوں نوجوانوں کی بازیابی کیلئے تاوان کی رقم کتنی دی گئی یا کس نے دی یہ تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئی ہیں لیکن نوجوانوں نے کردار نہ ادا کرنے پر حکومت سے شکوہ کیا ہے۔
نوجوانوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ اور میانمار کے درمیان متعدد سرحدی چیک پوسٹس کے باوجود انہیں اسمگل کیا گیا۔یہ کیسے ممکن ہے کہ بغیر کسی چیکنگ کے سرحد عبور کی جائے؟ یہ ظاہر کرتا ہے کہ تھائی اور میانمار کی حکومتوں کے درمیان ایک منظم نیٹ ورک ہے
دونوں نوجوان اپنے خاندانوں کیساتھ دوبارہ ملنے پر خوش ہیں، لیکن وہ حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس اغوا اور اسمگلنگ کے نیٹ ورک کی تحقیقات کی جائیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت میانمار میں تقریباً 40ہزار افراد قید ہیں جن میں 37 ممالک کے شہری شامل ہیں، جنہیں مسلسل تشدد، جبری مشقت اور ناقص رہائشی حالات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ نوجوانوں کے اغواء ہونے پر حلقہ کے ایم ایل اے و وزیر حکومت بازل نقوی نے صدر ، وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ کر کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد کے بیروزگارنوجوانوں کیلئے آئی ٹی ایکسیلینس سنٹر کا قیام،معاہدہ طے




