جامعہ کشمیر میں سیمینار،مادری زبانوں کو نصاب میں شامل کرینگے، قائم مقام صدر

مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر  نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا جس میں ثقافتی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے اپنی مادری گوجری زبان میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی زبانوں کے احیاء اور تحفظ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی زبانوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے ایک دیرینہ علمی اور ثقافتی ضرورت کو پورا کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کے تحت کشمیری سمیت لینگویج کورسز شروع کرنے کا اعلان کیا۔

سیمینارمیں ہونہار پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری، چیئرمین ٹیوٹا چوہدری محمد فرید، سیکرٹری تعلیم (سکولز) عنایت علی قاضی، ڈی پی آئی کالجز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، ماہر لسانیات ڈاکٹر صغیر، ہندکو کے شاعر حبیب الرحمان نے شرکت کی۔

سیمینارمیں پاکستان کے شاعر سید حبیب الرحمان، پاکستان کے شاعر سید محمد حسین شاہ اور دیگر نے بصیرت افروز تقاریر کیں۔ سینئر پروڈیوسر چوہدری خالد محموداور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجز ڈاکٹر ظفیر کیانی سمیت دیگربھی شریک ہوئے

تقریب میں پوسٹ گریجویٹ کالج (خواتین) مظفرآباد کی طالبات نے مختلف مادری زبانوں میں خوبصورت پرفارمنس پیش کی، جس میں لسانی ورثے کی بھرپوری کا جشن منایا گیا۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ جامعہ کشمیر میں سیمینار پہلاقدم ہے، ہم نے کمیٹی قائم کردی ہے، مادری زبانوں کو نصاب میں شامل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  ہم معدوم ہوتی مادری زبانوں کے دوبارہ احیاء کیلئےکام کرینگے اور یونیورسٹی میں کشمیری، گوجری اور کشمیری سکھانے کیلئے کورسز شروع کرینگے۔

Scroll to Top